لاہور ( سپیشل رپورٹر) سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران پارٹی نے ایک نااہل شخص کو پارٹی کا صدر بنانے کے لیے انتخابی قوانین پر شب خون مارا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو شدید دھچکا لگاہے ۔وزیراعظم سمیت پوری کابینہ اعلیٰ ترین عدالتوں کی طرف سے نااہل قرار دیئے گئے شخص کے طلب کرنے پر لندن میں بیٹھی ہوئی ہے جس سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واہ کینٹ میں تحریک محنت کے صدر خالد حسین بخاری کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سابق وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر چلنے کی بجائے خود کو وزیراعظم سمجھناچاہیے اور پاکستان کو دنیا میں تماشانہیں بنانا چاہیے ۔ انہوںنے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حکومتی پارٹی کی طرف سے نااہل قرار دیے گئے فرد کو پارٹی کا صدر بنانے کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ اگر یہ روایت چل پڑی تو کوئی بھی طاقتور مجرم سیاسی جماعت کا سربراہ بن کر آئینی اداروں کا مذاق اڑانا شروع کر دے گا اور جرائم پیشہ لوگ سیاسی جماعتوں میں اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہو جائیں گے۔ ملک میں ایسے بڑے بڑے چور ہیں جن کے معدے جہازوں ، ریل انجنوں ، جنگلات اور معدنیات کو بھی ہضم کرلیتے ہیں ۔ پی آئی اے کے جہاز کی گمشدگی کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر کرپشن کے الزامات ہیں، کلین چٹ ملنے تک اسحاق ڈار کو وزارت سے الگ ہوجانا چاہئے۔مسلم لیگ وہ فیصلے کرتی ہے جو اسے پسند ہوں۔ علاوہ ازیں سراج الحق نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام 89سالہ مہدی عاکف کے جیل میں انتقال کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے انسانیت کے لئے باعث شرم قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر سیسی نے شہید کی نماز جنازہ کی اجازت نہ دے کر ظلم وجبرکی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ پوری مسلم دنیا اس وقت ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ عالم اسلام کے خلاف ایک سے ایک سنگین سازش کی جارہی ہے۔ مسلم ممالک کو توڑ نے کے منصوبے سب کے سامنے ہیں لیکن کئی ظالم حکمران ان حالات میں بھی اپنے ہی بے گناہ شہریوں کو کچلنے اور بے گناہوں کا خون بہانے میں لگے ہوئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے ملکی صورتحال، ضمنی انتخابات اور پارلیمنٹ میں زیر بحث امور پر مشاورت کے لئے مجلس عاملہ کا اجلاس 25 ستمبر کو صبح دس بجے منصورہ میں طلب کیا ہے۔
نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کیلئے انتخابی قوانین پر شب خون مارا گیا: سراج الحق
Sep 24, 2017