کراچی(آن لائن )پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، زرداری، شہباز شریف، الطاف حسین پر عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں۔ معصوم ورکرز پر ہر کوئی انگلی اٹھاتا ہے۔ سابق صدر پر کریمنل مقدمات چل رہے ہیں،پی ایس پی کا کارنامہ ہے کہ آج الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر آواز لگاتا ہے لیکن کوئی کان نہیں دھرتا،یہ چیزیں رینجرز آپریشن سے نہیں ہوسکتی تھی۔ کراچی میں پی ایس پی کے مرکز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کی سب سے بڑی شمولیت پی ایس پی میں ہوگئی۔ پاک سر زمین پارٹی میں آج 1968 سے زائد دیگر سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں اور کارکن پی ایس پی میں شامل ہو گئے۔پی ایس پی میں شامل ہونے والے 919 افراد کا تعلق ایم کیو ایم سے ہیں۔ ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ جات کے 2 ذمہ دار،سیکٹر ممبر21، انچارج 43، جوائنٹ انچارج 32، ایم کیو ایم یونٹ کمیٹی ممبر 48، یوسی ناظم 3، جنرل کونسلر 6 اور 764 کارکن ہیں۔ دیگر سیاسی جماعتوں سے ایم کیو ایم حقیقی سے55، پیپلزپارٹی97، پی ٹی آئی15،مسلم لیگ (ن) 37،اے پی ایم ایل9، جماعت اسلامی 13، سنی تحریک24،اے این پی4،ق لیگ ، 6 پشتونخواہ ملی پارٹی، 2 جقسم، 22 نیوٹرل اور 765 شامل ہورہے ہیں۔ یہ ہمارے فلسفہ کی سچائی ہے کے آج تاریخ کی سب سے بڑی شمولیت ڈیڑھ سال کی پارٹی میں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شمولیت ہماری ترقی کی طرف گامزن رفتار کی نشاندہی ہے۔میری دعا ہے کے اللہ مجھے اور میرے تمام کارکنان کو اپنے نیک مقصد پر قائم رکھے۔ اس ڈیڑھ سال کے عرصہ میں میرے کسی کارکن نے کسی کو پتھر کا جواب گالی سے بھی نہیں دیا۔میرے کارکنان و ذمداروں نے اس حق کی باطل کے ساتھ لڑائی میں سینہ پر گولیاں کھائیں ہیں پر تشدد کی طرف گامزن نہیں ہوئے۔یہ ہی میری جیت ہے کہ میرے کارکنان نے تشدد کے راستہ کو نہ اپنا کر مجھے سرخرو کردیا ہے۔جو ہمیں تین مارچ کو کہتے تھے کے اب گھر سے کیسے نکلو گے آج وہ دیکھیں کے آج ہم کراچی سے کشمور تک گھر گھر میں موجود ہیں۔ پرچم کی توہین پر اکسانے والے کسی کراچی اور پاکستان کے بسنے والے کو پاکستان کے پرچم کی توہین پر نہیں آمادہ کرسکے۔ رینجرز یا دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف آپریشن کر کر عارضی امن قائم کرسکتے ہیں۔مگر پاک سرزمین پارٹی نے اس امن کو دائمی کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کٹی پہاڑی کے بسنے والوں کو کراچی کے دوسرے علاقوں کے مکینوں سے گلے ملایا نفرتوں کو دفن کرایا۔ میں تمام لوگوں کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ماضی کی کچھ باتیں یاد دلاتا ہوں۔