اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ آج وزےر اعظم عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کرے گی اس کے علاوہ جعلی بنک اکاﺅنٹس کیس اور ایف آئی اے کی درخواست پر عبدالمجید اور عبدالغنی مجید کے میڈیکل بورڈ بنانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت بھی کرے گا، بنچ نقیب اللہ محسود قتل سے متعلق کیس کی بھی سماعت کرے گا جبکہ ججوں اور سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت آج کرے گا۔ یہی بنچ خود کار اسلحہ لائسنس کی منسوخی کےخلاف درخواست اور تطہیر بنت پاکستان کیس کی بھی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بنچ دیا مر بھاشا اور مہمنڈ ڈیمز کی تشہیری مہم سے متعلق کیس کی سماعت آج کرے گا۔ منگل کے روز یہ بنچ کراچی میں پولیس اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ سے دس سالہ امل کے قتل کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔ایل ڈی اے کی غیر قانونی پٹرول پمپس کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس، این جی اوز سے متعلق از خود نوٹس کیس، این آر او سے متعلق کیس، شریف خاندان کے خلاف ریفرنس منتقلی سے متعلق کیس، پاکستان پیٹرولیم اور ایشیا آئل کے درمیان ڈیل سے متعلق کیس، سابقہ حکومت پنجاب کی جانب سے میڈیا میں اشتہار دینے سے متعلق کیس اورا صغر خان کیس کی سماعت منگل کو ہو گی۔بدھ کے روز عدالت عظمی کا تین رکنی بینچ مظفر گڑھ میں محکمہ اوقاف کی زمین سے متعلق کیس، ای او بی آئی کے سابق چیئرمین کےخلاف ازخود نوٹس کیس، مارگلہ ہل میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس، بحریہ ٹاون راولپنڈی کی جانب سے ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس اورلاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔کرکٹر خالد لطیف کی پی سی بی ٹریبونل کے فیصلے کےخلاف اپیل پر سماعت بدھ کو ہو گی جب کہ جعلی شادیوں کے ذریعے خواتین کی افغانستان سمگلنگ سے متعلق کیس کی سماعت بھی بدھ کو ہوگی۔ سپرےم کورٹ شاہین ائیرلائن کی پرواز میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت بدھ کو کرے گی جبکہ ورکرز ویلفئیر فنڈ کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس، بھاشا ڈیم کی حدود کے تعین، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے امتحانات سے متعلق کیس اور میڈیا لاجک کے کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔تین رکنی بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔
سپریم کورٹ