واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں سیاسی ہے۔ پاکستان کا امن و خوشحالی افغانستان کے امن سے وابستہ ہے۔ بطور وزیر خارجہ پہلا دورہ افغانستان کا کیا۔ امریکہ سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کے معترف ہیں۔ بلاامتیاز احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی۔ بھارت ایک قدم بڑھائے ہم 2 قدم بڑھائیں گے۔ بھارت نے اپنی اندرونی سیاست کے باعث مذاکرات سے انکار کیا۔ بھارت 27 ستمبر کو وزراءخارجہ ملاقات پر راضی ہوا تھا، ہم نے کوئی ایسی زبان استعمال نہیں کی جو غیرسفارتی ہو۔ سعودی عرب اور امارات سے پاکستان کا اعلیٰ سطحی رابطہ نہیں تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا سمندر پار پاکستانی ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کی تحریک چلا رہے ہیں، معیشت کی بحالی اور عام آدمی کیلئے روزگار ترجیحات ہیں۔ سعودی عرب، چین سمیت تمام ممالک سے مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ امریکہ سے باہمی مفاد پر مبنی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں دونوں ممالک باہم تعاون سے مستفید ہوتے رہے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے حکومت کی پالیسیوں کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا معاشی استحکام کے لئے حکومت نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، معیشت کے ساتھ روزگار کے مواقع کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ عمران خان کی خواہش ہے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے زیادہ سے زیادہ رابطہ رکھا جائے وزیراعظم امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے تعمیری کردار کے معترف ہیں، بیرون ملک پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام کے لئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حمایت پر امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے مشکور ہیں۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بحیثیت قوم بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی امیدیں وابستہ ہیں۔ بلا امتیاز احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا معاشی شعبے میں بہتری کے لیے نیا مالیاتی ترمیمی بل پیش کیا ہے۔ علاقائی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا افغانستان میں امن ہمارے مفاد میں ہے یہی وجہ ہے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے افغانستان کا دورہ کیا، افغان مسئلے کا عسکری حل نہیں۔ پاکستان کو بہت سارے چیلنجر کا سامنا ہے، وزیر خارجہ نے کہا وزیراعظم عمران خان امریکی پاکستانیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ عمران خان ملک کی ترقی میں امریکہ میں پاکستانیوں کے کردار سے آگاہ ہیں، عمران خان کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہوں، پاکستان کو بہت سارے چیلنجر کا سامنا ہے، تمام چیلنجر سے بھر پور طریقے سے نبرد آزما ہوں گے۔ پاکستانی ایک پرعزم قوم ہیں۔ حکومت بلا تفریق اور سیاسی انتقام سے پاک احتساب چاہتی ہے۔ اوورسیز پاکستانی ایک بہتر پاکستان چاہتے ہیں۔ معیشت کی بحالی کے لئے درست اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ حکومت نے ڈیمز بنانے کی مہم چلائی ہے۔ ملک سے باہر پاکستانی بھی اس مہم میں بھر پور حصہ ڈالیں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ نے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی، پاکستانی کمیونٹی نے وزیر خارجہ کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کرنے کی یقین دہانی کرائی، وزیر خارجہ (آج) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ صباح نیوز کے مطابق امریکہ میں پاکستان کے سفیرعلی جہانگیر صدیقی نے کہا ہے پاکستان اور امریکی حکومت کے درمیان روابط بڑھ رہے ہیں اور آنیوالے دنوں میں تعلقات مزید اچھے ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا امریکہ کی مختلف ریاستوں میں رہنے والے نمایاں پاکستانیوں کو سفارتخانے بلایا، وزیر خارجہ سفارتخانے میں امریکہ میں نمایاں پاکستانی شخصیات سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا امریکن پاکستانی وطن کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں، پاکستانی حکومت امریکی پاکستانیوں کو متحرک کرنا چاہتی ہے، حکومت چاہتی ہے امریکن پاکستانی وطن کی خدمت میں کردار ادا کریں۔
شاہ محمود/ علی جہانگیر
امریکہ سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں : شاہ محمود
Sep 24, 2018