پاکستان اور سعودی عرب جسم و جان کی مانند ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا سفیر نواف سعید المالکی

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لئے سعودی عرب کے انتخاب سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ پاکستان اپنے سٹریٹجک اتحادیوں میں سعودی عرب کو پہلا مقام دیتا ہے۔ انخیالات کا اظہار انہوں نے العریبیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ سعودی سفیر نے کہا وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے کئی پیغامات ہیں جن میں سب سے اہم پیغام یہ ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب جسم و جان کی مانند ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب میں اقتصادی، ثقافتی اور فوجی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی اور اس کے بعد دونوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعظم کے دورے کے کئی پہلو ہیں، اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ، سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی، سعودی عرب نے مختلف بحرانوں اور مشکل حالات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے پہلے سرکاری دورے کے لئے سعودی عرب کا انتخاب پاکستان کی نئی حکومت کے اس مخلصانہ رویے کا اظہار ہے سعودی عرب پاکستان کا اہم اتحادی ملک ہے، اس سے اس بات کی بھی عکاسی ہوتی ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کو ترجیحی ملک اور اتحادی قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاسعودی عرب میں 2.5 ملین سے زائد پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سعودی سفیر

ای پیپر دی نیشن