پنجاب، میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے 13 شہروں میں انٹری ٹیسٹ

لاہور، ساہیوال (نیوزرپورٹر+نمائندہ نوائے وقت) پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کے روزیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوا۔ٹیسٹ کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 28امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر سے مجموعی طور پر65,670 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 41,681 طالبات جبکہ 23,989طلبہ شامل تھے۔5500سے زائد عملے نے نگرانی کے فرائض انجام دیے۔لاہور کے سات امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر18418امیدواروں نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 12068طالبات اور 6350طلبہ تھے۔ فیصل آباد سے6614، ساہیوال سے 3747، ملتان سے10,148، بہاولپور سے3356، رحیم یار خان سے1758، سرگودھا سے2803، راولپنڈی سے7874، حسن ابدال سے824، گجرات سے1767 ، گوجرانوالہ سے 3623 ، سیالکوٹ سے2065جبکہ ڈی جی خان سے 2673امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔مزید برآں یو ایچ ایس نے اتوار کے روز ہی سوالیہ پرچے کی جوابی کلید اپنی ویب سائیٹ www.uhs.edu.pkپر جاری کردی جس کی مدد سے امیدوار اپنا رزلٹ خودتیار کرسکتے ہیں۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان ایک ہفتے میں کیا جائیگا۔پنجاب کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ 03سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی216نشستیں موجود ہیں ۔ مزید برآں پنجاب کے 25 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی3000جبکہ11پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی500نشستیں ہیں۔اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی ہالز کے مرکز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹرجاوید اکرم نے بتایا کہ امتحانی پرچے کی تیاری سے لیکر، اس کر پرنٹنگ،پیکنگ، ترسیل اور دیگر مراحل تک نئے طریق کار وضع کیے گئے اور سیکورٹی کے کئی حصار قائم کرکے مکمل راز داری کے ساتھ پرچہ تیار ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ہر شہر میں پرچوں کے ٹرنک حکومتی خزانہ کے اندر محفوظ رکھے گئے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ میرٹ کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے ۔ انھوں نے تمام سینٹرز پر بہتر انتظامات کرنے پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔پنجاب کے میڈیکل کالجز میں دا خلوں کیلئے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ساہیوال سنٹر میں انٹری ٹیسٹ کیلئے3744طلبا اور طالبات نے حصہ لیا جن میں2389طالبات اور1355طلبا شامل کئے گئے تھے ۔طلباء وطالبات سے موبائل فون ا ور تدریسی سامان کتابیں وغیرہ رکھنے کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا تھا ۔ایک کلو میٹر امتحانی سینٹر کی حدود کے اندر غیر متعلقہ اشخاص کے دا خلہ پر پابندی لگا ئی گئی تھی ۔ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے امتحانی سینٹر پر خود معائنہ کر کے مانیٹرنگ کی۔

ای پیپر دی نیشن