مرادآباد (این این آئی) مراد آباد کے مجھولا تھانہ علاقے میں جینتی پور منڈی کمیٹی روڈ پرمحرم کے جلوس کے دوران تعزیہ ہائی ٹینشن وائر کی زد میں آگیا جس سے 32افراد جھلس گئے۔ زخمیوں کو فوراً ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ضلع افسر راکیش کمار سنگھ اور ایس ایس پی جے رویندر گوڑ نے اسپتال پہنچ کر زخمیوںکی خیریت دریافت کی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق جلوس جینتی پور سے کرولا کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک تعزیہ ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرا گیا اور زدردار دھماکے سے آگ لگ گئی۔پورا تعزیہ خوفناک آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا، متعدد افراد ملبے میں دب گئے اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے تقریباً32افراد جھلس گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اورفائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی کی اور ملبے سے زخمیوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا۔ جلوس میں شامل افراد مشتعل ہوگئے اور محکمہ بجلی کے اہلکاروں کیخلاف نعرے بازی کی۔ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے ایس پی سٹی انکت متل پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور ہنگامہ کو کنٹرول کیا۔ضلع افسر رکش کمار سنگھ نے بتایا کہ تمام زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ 2کی حالت نازک ہے۔
بھارت میں بجلی کی تار وں سے تعزیہ ٹکراگیا 32افراد جھلس گئے،ہنگامہ برپا
Sep 24, 2018