پی ایچ اے کے 200سے زائد سابق ملازمین کو میونسپل کارپوریشنوں کے بجٹ سے پنشن ادا کرنے کا حکم

راولپنڈی (محمدرضوان ملک/نیوزرپورٹر) صوبائی حکومت نے پنجاب بھر کی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے)میں مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے 200سے زائد ملازمین کو پنشن کی ادائیگی میونسپل کارپوریشنوں کے بجٹ سے ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا گزشتہ3سال سے پنشن کے منتظر ان ملازمین میں پی ایچ اے راولپنڈی کے30ملازمین بھی شامل ہیں یہ احکامات ان ملازمین پر لاگو ہوں گے جو ملازمت کا زیادہ عرصہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں میں خدمات انجام دیتے رہے اور بعد ازاں صوبہ کے بڑے اضلاع میں پی ایچ ایز کے قیام کے بعد انہیں ادھر منتقل کر دیا تھااس ضمن میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن نمبرSO-Admn-ii(LG)9-5002011کے تحت راولپنڈی، ملتان ،فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کی میونسپل کارپوریشنز کو ہدائیت کی گئی کہ وہ پی ایچ اے سے ریٹائرڈ ملازمین کو اپنے بجٹ سے پنشن کی فوری ادائیگی یقینی بنائیں ذرائع کے مطابق اس وقت راولپنڈی کے30ملازمین سمیت پنجاب کے پانچوں بڑے اضلاع میں 200سے زائد ایسے ملازمین موجود ہیں جن کی پوری سروس بلدیاتی اداروں کے شعبہ باغبانی میں گزری گزشتہ دور حکومت میں پنجاب بھرکے بڑے اضلاع میں پی ایچ ایز کے قیام کے بعد شعبہ باغبانی کے ان ملازمین کو پی ایچ ایز میں منتقل کر دیا گیا تھا تاہم مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائرڈ ہونے والے ان ملازمین کو پنشن کی ادائیگی متنازعہ حیثیت اختیار کر گئی تھی اور میونسپل کارپوریشنوں یا پی ایچ ایز میں سے کوئی بھی یہ مالی بوجھ اٹھانے کے لئے تیار نہیں تھا جس سے مذکورہ ملازمین گزشتہ3سال سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے تھے تاہم پنجاب حکومت نے معاملہ نوٹس میں آنے پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے پنشن کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ کارپوریشنوں کو پابند کیا ہے کہ چونکہ ان ملازمین نے زندگی کا زیادہ حصہ کارپوریشنوں میں خدمات انجام دی ہیں لہٰذا پنشن کی ادائیگی بھی کارپوریشنز کی ذمہ داری ہے ۔

ای پیپر دی نیشن