پاکستان کیساتھ نیوٹرل مقام پر کرکٹ کھیلنے کو تیار، تنہا کرنے کے مخالف ہیں: ونود رائے

Sep 24, 2019

نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے تعینات کئے گئے ایڈمنسٹریٹر کمیٹی کے چیئرمین ونود رائے نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر کرکٹ کھیلنے کے لئے تیار ہے۔ایک بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس نظریے کے خلاف ہیں کہ پاکستان کو دنیائے کرکٹ سے تنہا کر دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے حکومت کی بڑی واضح پالیسی رہی ہے کہ نیوٹرل وینیو میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کھیلی جا سکتی ہے۔عالمی کپ 2019 ء کے دوران پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے خلاف بیان پر ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام میں یہ رائے پائے جاتی تھی کہ بھارت پاکستان کے خلاف میچ سے دستبردار ہو جائے تب بھی میں نے کہا تھا کہ اگر سیمی فائنل یا فائنل میں ان سے ٹاکرا پڑ گیا تو کیا ہم میچ نہ کھیلیں، یوں کرنا تو پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے برابر ہو گا۔یاد رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری مرتبہ سیریز 2012ء میں کھیلی گئی تھی جب قومی ٹیم نے بھارتی سورماؤں کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں ون ڈے مقابلوں میں 2-1 سے شکست دی تھی۔

مزیدخبریں