لاہور(نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل فرسٹ کلاس کرکٹ میں بطور وکٹ کیپر زیادہ سنچریاں سکور کرنے والے ایشیائ کے پہلے اور دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے،انہوں نے ایڈم گلکرسٹ کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔37سالہ کامران اکمل نے یہ اعزاز قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں ناردرن کی ٹیم کے خلاف اپنی 31ویں فرسٹ کلاس سنچری سکور کرکے حاصل کیا۔کامران اکمل زیادہ فرسٹ کلاس سنچریاں سکور کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بلے باز ہیں،انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر لیس ایمس1926ء ے1951ء تک اپنے25سالہ کیریئر کے دوران 56سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں،سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلگرسٹ 29سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجو د ہیں،سابق برطانوی وکٹ کیپر بلے باز جم پارکس 27سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہیں،ایک اور سابق برطانوی وکٹ کیپر بلے باز کرس ریڈ نے بھی اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں26سنچریاں سکور کیں،سری لنکن وکٹ کیپر بلے باز کوشل سلوا بھی اپنے کیریئر میں بطور وکٹ کیپر بلے باز26سنچریاں سکو ر کرچکے ہیں اور کامران اکمل کے قریب ترین ایکٹو وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔