پٹنا (نوائے وقت نیوز) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی دی ہے کہ پاکستان 65 اور 71 کی غلطی نہ دہرائے۔ پٹنا میں خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور کہا کہ پاکستان کے کچھ علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اس کے ٹکڑے ہو سکتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی پر بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ آرٹیکل 370 ایک ناسور کی طرح تھا ان کی جماعت نے کشمیر سے متعلق اپنا وعدہ پورا کیا۔ کشمیر کو پانچ سال میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی وجہ سے ریاست میں دہشت گردی کو بڑھاوا ملا۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت بھی دن میں خواب دیکھنے لگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے پاکستان پر پھر حملے کی گیدڑ بھبھکی لگا دی اور کہا ہے کہ اس بار بالاکوٹ سے آگے بھی جا سکتے ہیں۔