نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے گائے کا گوشت بیچنے کے شبے میں ایک اور شخص کو قتل کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ کے ایک گاؤں میں 34 سالہ شخص کو مشتعل ہجوم نے گائے کا گوشت بیچنے کے شبے میں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہو گیا جب کہ ہجوم کی جانب سے دیگر دو افراد پر بھی تشدد کیا گیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں میں کچھ افراد کی جانب سے ممنوعہ گوشت فروخت کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس پر مقامی افراد نے انہیں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ چند ماہ پہلے ریاست جھاڑ کھنڈ میں ہی ہندو انتہا پسندوں نے ایک نوجوان کو ’’جے شری رام‘‘ نعرے لگانے پر مجبور کیا تھا اور نوجوان کے انکار پر اسے تشدد کر کے ہلاک کر دیا تھا۔