لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنے چینی سفیر یائو جنگ کے ہمراہ لاہور میں چین کے ویزا سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ لاہور میں ویزا سنٹر کے قیام سے نہ صرف کاروباری افراد کو سہولت ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا۔ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دو رکا آغاز ہو گا۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کر کے سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی ترقی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اسے مختلف شعبوں میں اقتصادی اور تکنیکی تعاو ن فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔