لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے نجی سکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکولز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آگاہ کیا جائے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں ہو رہا ہے؟ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود نجی تعلیمی ادارے اضافی فیس وصول کرکے غیرقانونی اقدام کررہے ہیں۔ تعلیم کے نام پر طالب علموں اور ان کے والدین کا استحصال کیا جارہا ہے۔ عدالتی احکامات سے آگاہ کرنے کے باوجود محکمہ سکولز کاروائی نہیں کررہا۔ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے مترادف ہے۔ عدالت اضافی فیس وصولی روکنے کے احکامات پر عمل درآمد کرائے۔ عدالت نے کہا کہ نجی سکولز نے فیس کس قانون کے تحت بڑھائی اور گرمیوں کی چھٹیوں میں کس قانون کے تحت فیس وصول کی گئی؟ سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
فیسوں میں اضافہ کیوں ہوا، گرمیوں کی چھٹیوں کی کیسے لی: ہائیکورٹ، سیکرٹری سکولز طلب
Sep 24, 2019