ڈینگی مریضوں کے سی بی سی سمیت تمام ٹیسٹ فری، انسدادی مہم میں غفلت کی گنجائش نہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہارکیا اور انسداد ڈینگی مہم کو مزید تیزی اور موثر انداز سے آگے بڑھانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی بریگیڈ کوفی الفور فعال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی بریگیڈ کی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آنی چاہیے اور ماہرین کی رائے سے جن علاقوں میں ضرورت ہو وہاں پر فوگنگ یا سپرے کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں سی بی سی سمیت ڈینگی کے مریضوں کے تمام ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو ڈینگی سے بچانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ڈینگی سے بچائو اور علاج کیلئے موثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے واک ان انٹرویوز کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹرز، نرسز اور ضروری سٹاف بھرتی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں پر میل نرسز کو بھی بھرتی کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کیلئے فوری طور پر 3 موبائل ہیلتھ یونٹ بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ اور فلٹر کلینکس کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ آفس میں انسداد ڈینگی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کی انسداد ڈینگی مہم میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی ریڈ زون علاقوں میں انسداد ڈینگی کے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ مرض پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پرائیویٹ جنرل پریکٹشنرز کی ڈینگی کے حوالے سے تربیت کا اہتمام کیا جائے۔ ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی کمی کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔جہاں غفلت یا کوتاہی نظر آئی وہاں پر فوری ایکشن ہوگا۔انہوںنے کہا کہ میں خود بھی فیلڈ میں نکل کر انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لوں گا۔ فیلڈ میں عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں، خانہ پری نہیں چلے گی۔ غلط رپورٹنگ کرنے والے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ سردار عثمان بزدار سے لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عاصم چیمہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔ پنجاب حکومت نے چکوال میں یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ قیام کی منظوری دے دی ہے۔ عثمان بزدار نے موٹر وے پر کلر کہار کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...