کشمیر میں کرفیو اٹھانے کیلئے مودی سے بات کرونگا: ٹرمپ

نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ اپنے دوست کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان کے ساتھ امریکہ کی تجارت بہت کم ہے۔ پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا میں افغان مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ یہ مسئلہ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو ثالثی کی ایک بار پھر پیشکش کر دی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو ثالثی کیلئے تیار ہوں۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں بہت اچھا ثالث ثابت ہونگا، ناکام نہیں ہونگا۔ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم سے بہت اچھے تعلقات ہیں، میں اپنی پیشکش پر قائم ہوں۔ میں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں۔ مجھ سے پہلے امریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا۔ نیو یارک میں پاکستانی میرے بہت اچھے دوست ہیں۔ عمران خان بہترین وزیراعظم اور اچھے دوست ہیں۔ آپ تیار ہیں لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو میں تیار ہوں۔ اتوار کے روز ہیوسٹن میں بھارتی وزیراعظم نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی۔ وزیراعظم عمران خان خطے کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ایران پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔ امید ہے پاکستان اور بھارت مسئلے کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔ پہلے امریکی قیادت کو معلوم نہیں تھا پاکستان سے کیسے روابط رکھنے ہیں۔ خطے کے تنازعات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کردار اہم ہے۔ پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چل رہی ہے۔ پاکستان سے تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری سے بہت توقعات ہیں۔ امریکہ بڑی طاقت ہے اس کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں۔ امریکی صدر بڑے ملک کے صدر ہونے کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالیں۔ افغانستان میں استحکام خطے کے امن کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے جسے ختم ہونا چاہئے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جوں کی توں رہی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مودی سے کہیں کہ کشمیر سے کرفیو اٹھائے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارتی وزیراعظم سے اس پر بات کرینگے۔ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان اور برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے درمیان ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی میٹنگ ناشتہ پر ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں میں دیگر ایشوز پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیراعظم عمران نے ترک صدر طیب اردگان، سینیگال کے صدر، اطالوی وزیراعظم اور چینی وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ پی نے نیو یارک میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود کی سطح پر ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ملیحہ لودھی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم اور وانگ پی میں ملاقات جنرل اسمبلی سیشن کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔اردگان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے سوئس کنفیڈریشن کے صدر سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی صورتحال اور کثیرالجہتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے۔ وہ جلد ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم نے کھل کر امریکی صدر ٹرمپ کو بریف کیا۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افراد محصور ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ سے صاف صاف کہا کہ اگر بھارت کسی کی بات سنے گا تو وہ امریکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کہا کہ افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ افغان مسئلے پر جلد پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایران کے معاملے پرڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سوچے سمجھے بغیر جنگ ہوئی تو خطرناک نتائج ہوں گے۔ پاکستان نہیں چاہئے گا کہ خطے میں کوئی بحران ہو، شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا وہ ایران کے معاملے پر بات کرنے کو تیار ہیں جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ بالکل اگر آپ بات بڑھانا چاہتے ہیں تو بڑھائیں وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے صاف الفاظ میں اپنا موقف بیان کیا کوئی آئیں بائیں شائیں نہیں کی۔ وزیراعظم عمران خان یو این جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے۔ سفارتکاری کوشش کا نام ہے بھارت امریکہ کو دیکھا رہا ہے کہ مسئلہ ہے ہی نہیں جبکہ پاکستان امریکا کو دکھا رہا ہے کہ معاملہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صد رٹرمپ کو بتایا کہ کشمیریوں کو کسی چیز کی آزادی نہیں، وزیراعظم نے صد رٹرمپ کو بتایا کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر لئے گئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہو سکتا ہے وزیراعظم اور امریکی صدر ٹرمپ کی ایک اور نشست ہو جائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے اور مکروہ عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔ ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہو کر تقریر کرنے سے مودی اصلیت نہیں چھپا سکتے۔ نریندر مودی نے ہیوسٹن میں سرکاری پیسے سے جلسہ کیا۔ ہزاروں افراد گو مودی گو اور فاشسٹ مودی کے نعرے لگا رہے تھے۔ یہ آوازیں امریکی صدر تک بھی پہنچ رہی ہوں گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سے صدر انٹرنیشنل کرائسس گروپ نے ملاقات کی، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔صدر انٹرنیشنل کرائسس گروپ رابرٹ مالے نے نیویارک میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دونوں شخصیات نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیااورانسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، ہندوستان نے 5 اگست سے بدترین کرفیو نافذ کر کے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہو رہی، خطے میں دیرپا قیام امن کیلئے باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی جس میں دولت مشترکہ اور پاکستان کی ترجیحات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے کامن ویلتھ اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور دیرپا معاشی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی میں جلد ملاقات ہو گی۔ پاک ایران وزراء خارجہ نے خطے کی بدلتی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ پی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین جزو ہیں۔ بھارتی یکطرفہ اقدام اور مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کی آڑ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ پاک چین وزراء خارجہ نے خطے کے امن و استحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ او آئی سی رابطہ گروپ کا جمہوریہ آذر بائیجان پر جمہوریہ آرمینیا کی جارحیت کے موضوع پر اجلاس ہوا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان آرمینیا کی جانب سے متنازعہ خطے کے جغرافیہ ادارہ جاتی ڈھانچے کی تبدیلی کی مخالفت کرتا ہے 1994ء سے جاری تنازع کے سبب خطے کے دس لاکھ لوگ بے گھر ہوئے آرمینیا سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں پر عملدرآد کو یقینی بنائے آرمینیا نگورنو کا باغ سے اپنی فوجوں کا انخلاء کرتے اور عالمی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ حل کرکے آذربائیجان کی جغرافیائی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرے نگورنوکارا باغ تنازع کا حل نہ ہونا علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرے کا باعث ہے۔ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کی مداح یہ معاملہ بھی علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...