اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن میں پاکستانی نژاد خاتون فوزیہ یونس سلیمان نے کمیونیکیشن کے شعبہ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ فوزیہ یونس سلیمان کی آمد پر برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمیشن رچرڈ کرائوڈر نے اپنی اقامت گاہ پر ایک استقبالیہ کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فوزیہ سلیمان نے اردو زبان میں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی، انھوں نے بتایا کہ ان کے دادا کا تعلق گوجر خان سے تھا، فوزیہ سلیم نے چند جملے پوٹھوہاری زبان میں بھی ادا کئے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بنگلہ دیش اور سری لنکا میں بھی کمیونیکیشن کے شعبہ میں فرائض انجام دے چکی ہیں۔