کراچی کے نوجوان نے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرادی، انٹرنیٹ کی مدد سے جہاز بنا ڈالا

Sep 24, 2019

کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے لانڈھی سے تعلق رکھنے والے نوجوان انجینئر ارسلان علی نے جہاز بنا کر سب کو حیران کر دیا ۔نوجوان نے مکینکل انجینئرنگ میں ڈپلومہ کرنے کے دوران پاکستان میں یہ نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی۔21سالہ ارسلان نے اس ضمن میں بتایاکہ انہیں بچپن سے ہی ایئر کرافٹ جیسے کھلونوں کے ساتھ کھیلنا پسند تھا۔انٹرنیٹ سے ائیر کرافٹ کے حوالے سے معلومات لے کر 5 سال کی مسلسل محنت کے بعد انہوں نے یہ مائیکرو لائٹ ایئر کرافٹ بنایا۔انٹرنیٹ سے معلومات اکھٹی کرنے کے دوران ارسلان کو پتہ چلا کہ ایک جدید ٹیکنالوجی ہے جسے مائیکرو لائٹ ٹیکنالوجی کہتے ہیں۔ مائیکرو لائٹ ٹیکنالوجی میں کم وزن اور سنگل سیٹ یا ڈبل سیٹ پائیلٹ ایئر کرافٹ ہوتے ہیں ۔رسلان نے بتایاکہ انہوں نے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے اس پر کام کرنا شروع کیا ۔ انہوں نے جب اس پروجیکٹ پر کام کیا تو ان کے پاس وسائل کے ساتھ ساتھ تجربے کی بھی کمی تھی جس کی وجہ سے انہیں بہت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے سلسلے میں ان کے ایک دوست نے انہیں اپنی ورکشاپ میں کام کرنے کی اجازت دی جہاں انہوں نے دن رات مسلسل محنت کر کے 4 سال میں مائیکرو لائٹ ایئر کرافٹ بنایا۔

مزیدخبریں