اسلام آباد (نا مہ نگار) احتساب عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی آصف زرداری سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی ہے، جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں، جس دن ملاقات کا وقت مقرر ہے تب ہی ملاقات کریں۔ فاروق ایچ نائیک کے معاون وکیل کی طرف سے ملاقات کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پیر کو فاروق ایچ نائیک مصروف ہیں، پیر کے سوا کسی دوسرے دن ملاقات کی اجازت دی جائے۔ جج محمد بشیر نے جعلی اکائونٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں حسین لوائی کے وکیل کے برتائو پر فاروق نائیک کے معاون وکیل سے کہا کہ اس دن آپ نے دیکھا وکیل صاحب میرے ساتھ کتنی بدتمیزی کررہے تھے، معاون وکیل نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کس وکیل نے بدتمیزی کی۔