گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) جائیداد کی لالچ میں سافٹ وئیر انجینئرنگ کی طالبہ نے حقیقی باپ پر دو مرتبہ قاتلانہ حملہ کروا دیا۔ سی آئی اے پو لیس نے قاتلانہ حملے کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ ظفر کالونی گکھڑ منڈی کے رہائشی عنصر اقبال نے پو لیس کو تحریری درخوست دی کہ وہ کار میں اپنے فلنگ اسٹیشن پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کی، بائیں بازو اور چھاتی پر گولیاں لگنے کے باعث وہ زخمی ہو گیا، اس وقوعہ کا تھانہ صدر وزیر آباد میں مقدمہ درج۔ دو ماہ بعد مدعی مقدمہ اپنے گھر سے نمازِ عثا ء کی ادائیگی کے لیے قریبی مسجد جا رہا تھا کہ ملزمان نے دوبارہ اس پر فائرنگ کی جو کہ اس کے کان پر لگا اور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے اس وقوعہ کا تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج رجسٹر ہوا، سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے معاملہ کی سنگین نوعیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جنہوں نے تفتیش کے دائرہ کارکو وسیع کرتے ہوئے ملزم ضیغم گل کی گرفتاری کو یقینی بنایا ، دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ مدعی مقدمہ کی حقیقی بیٹی جو کہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کی طالبہ ہے سے اُس کے تعلقات ہیں، مدعی مقدمہ نے اپنی بیوی کی وفات کے بعد اہلِ خانہ کی رضا مندی سے دوسری شادی کر لی تھی۔ شادی کے کچھ عرصہ بعد جائیداد کے لالچ میں مدعی مقدمہ کی حقیقی بیٹی نے مجھے اپنے والد کو قتل کرنے کی بابت کہا جو کہ میں نے اپنے دوست قاسم سے ملکر کر دو بار مدعی مقدمہ کو قتل کرنا چاہا لیکن وہ بچ گیا۔ ملزم کے مفرور ساتھی کی گرفتاری کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔
گوجرانوالہ : جائیداد کا لالچ، بیٹی کی حقیقی والد کو دو بار قتل کرانے کی کوشش، آشنا گرفتار
Sep 24, 2019