دروازہ توڑ کراندر داخل ہوئےتو نمرتا کی دوپٹے سے پھندہ لگی لاش دیکھی:ساتھی طالبہ کا بیان

لاڑکانہ کے ڈینٹل کالج کے ہاسٹل میں فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا کی پراسرار موت کے کیس میں ایک اور ساتھی طالبہ کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔پولیس نے نمرتا کی موت پر تحقیقات جاری رکھتے ہوئے ان کی ساتھی طالبہ (روم میٹ)کا بیان ریکارڈ کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ دروازہ توڑ کراندر داخل ہوئے تو نمرتا کی دوپٹے سے پھندہ لگی لاش دیکھی۔ساتھی طالبہ نے اپنے بیان میں پولیس کو مزید بتایا کہ نمرتا کے گلے سے پھندا کاٹنے کے لئے پہلے قینچی استعمال کی لیکن دوپٹہ نہیں کٹ سکا۔ادھر پولیس حکام نے بتایا کہ کمرے کے معائنے کے دوران چھوٹی قینچی بھی بیڈ پر پڑی ملی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ نمرتا کا موبائل فون اب تک ان لاک نہیں ہوسکا جب کہ ان کے موبائل سے زیادہ کالز مہران ابڑو کو کی گئی تھیں تاہم نمرتا کے دونوں کلاس فیلوز پولیس کی حراست میں ہیں۔دوسری جانب 7 روز گزرنے کے باوجود بھی نمرتا کے اہل خانہ نے ایف آئی آر درج نہیں کرائی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نمرتا کے بھائی وشال سے دوبارہ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس حراست میں موجود نمرتا کے ساتھی طالب علم مہران ابڑو کا بھی بیان درج کرلیا گیا جس میں انہوں نے اہم انکشافات کیے۔

ای پیپر دی نیشن