قندوز+اسلام آباد(شِنہوا +اے پی پی) افغانستان کے 2 صوبوں میں ہونیوالی جھڑپوں میں 7 سکیورٹی اہلکار اور 4 جنگجو مارے گئے ہیں۔ اس کی تصدیق مقامی حکام نے کی۔ضلعی چیف محب اللہ سیدی نے شِنہوا کو بتایا کہ تاجکستان کی سرحد سے متصل شمالی صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب کے 2 علاقوں میں طالبان کی جانب سے سکیورٹی چوکیوں پر حملوں کے بعد فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران 5 اہلکار اور 4 جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 8 فوجی اور 4 جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں صوبہ ہرات کے ترجمان پولیس نے بتایا کہ ضلع پشتون زرغون میں اسی طرح کے واقعے میں مقامی افغان پولیس کے 2 اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔مزید برآں یو این ایچ سی آر پاکستان نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہو نیوالے مستحق افغان مہاجرین میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی طرح مالی امداد کا پروگرام پاکستان پوسٹ کے تعاون سے جاری رکھا ہوا، اس سلسلہ میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے 30 ہزار 500 سے زائد مستحق خاندانوں میں امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ گزشتہ روز ترجمان یواین ایچ سی آر قیصر خان نے بتایاکہ حکومت پاکستان وزارت سیفران داخلہ ، خارجہ اور پاکستان پوسٹ کے تعاون سے 12 ہزار روپے فی خاندان کو ادا کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی ضروریات کی اشیا خوردونوش خرید سکیں۔
افغانستان:جھڑپیں،7اہلکار،4جنگجوہلاک،کرونامیں مہاجر ین میں امداد کی تقسیم
Sep 24, 2020