لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھے ہو چکے ہیں۔ 11 پاکستانی ہندوؤں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے احتساب کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر دو سال سے صرف مخالفین کا احتساب کر رہی ہے۔ کسی وزیر مشیرکو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا۔ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کے گرد بڑے بڑے مافیاز کا گھیرا ہے۔ وزیراعظم ان مافیاز سے کیوں بلیک میل ہو رہے ہیں۔ انہیں قوم کے سامنے رکھنا چاہیے۔ علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر حکومت سعودی عرب اور سعودی عوام کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ پاکستان میں متعین سعودی سفیر کے نام اپنے خط میں سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب سات دہائیوں سے بھائی چارے اور دوستی کے مستحکم رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔