سپریم کورٹ کا خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس‘ جواب طلب

Sep 24, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ این این آئی) سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ اور انکے بیٹے فرخ شاہ کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا ہے۔ جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو رضا ربانی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ ایک سال سے جیل میں ہیں۔ ان کے خلاف نیب کا مقدمہ12 جائیدادوں اور3 اکائونٹس سے متعلق ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے میں9 ملزمان کو ضمانتیں ملیں، نیب نے ضمانتوں کیخلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ انہیں بھی سنا جائے، جس پر عدالت نے نو ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر نیب اپیلیں بھی مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ خورشید شاہ کے بیٹے کے وکیل فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ مقدمہ اسی ہفتے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھاکہ رواں ہفتے سماعت ممکن نہیں، آئندہ ہفتے کئی بنچ کوئٹہ میں ہونگے۔ عدالت نے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کرتے ہوئے کہاکہ مزید سماعت 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں ہوگی۔

مزیدخبریں