جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) احاطہ کچہری میں ایک بار پھر خون کی لرزہ خیز واردات ہوئی۔ پیشی پر آیا ملزم اندھا دھند فائرنگ سے قتل جبکہ وکیل زخمی ہوگیا۔ ملزم اسلحہ لہراتے ہوئے پولیس کا گھیرا توڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ احاطہ کچہری سے ملحقہ تھانہ سٹی کے اہلکار بھی ملزمان کو پکڑنے کے لیے کچھ نہ کر پائے۔ احاطہ کچہری میں لرزہ خیز واردات کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے کر آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ صدر بار نے کہا ججز، وکلائ، سائلین کی جان کے تحفظ کے لیے اب سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیشی پر آیا ہوا قتل میں ملوث ملزم عمران ارشد آف ملوآنیاں اپنے وکیل عبدالجبار کے ساتھ صلح کے بیان دینے کے لیے آئے ہوئے تھے کہ اسی دوران انکے مخالفین جو کہ کچہری احاطہ میں آزادانہ اسلحہ لیے گھوم رہے تھے۔ عمران ارشد جونہی چھوٹے گیٹ سے جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے لگا تو مذکورہ بالا افراد نے سامنے آکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
جڑانوالہ: کچہری پیشی پر آیا ملزم مخالفین کی فائرنگ سے قتل‘ وکیل زخمی
Sep 24, 2020