اسلام آباد‘ ملتان (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ الوداعی ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین لازوال دوستی آج دنیا بھر میں ایک مثال بن چکی ہے۔ وزیر خارجہ نے دورہ ماسکو کے دوران چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ ہونیوالی خصوصی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں شامل تمام منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے چینی سفیر کی خدمات کو سراہا۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے بعد آنے والے چینی سفیر اسی جذبہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ وزیر خارجہ نے چینی سفیر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارکباد بھی دی۔ چین کے سفیر نے پاکستان میں قیام کے دوران معاونت فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ دریں اثناء ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دشمن فرقہ واریت اور لوگوں کو خرید کر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ جنگ مسلط کی جارہی ہے۔ دشمن پاکستان کو نیچا دیکھانے کے لیے کوشش کررہا ہے۔2019 ء میں بھی دشمن نے ہم پر حملہ کیا اور اپنا پائلٹ چھوڑ کر دم دباکر بھاگ گیا۔ اب دشمن نئی چال چل رہا ہے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دشمن فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کررہا ہے اور لوگوں کو خرید کر انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دشمن لسانی، مذہبی منافرت سے لڑانے کی کوشش کرے گا اور امن کو منتشر کرے گا تاہم ہم نے کسی کے عقیدے کو چھیڑنا نہیں اور کسی پر جملہ نہیں کسنا۔ صرف محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے، پاکستان کے علماء سے گزارش ہے، علماء نے ہمیشہ جوڑا ہے اور امن کی بات کی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے جن زور دار الفاظ میں مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا ہے اس نے دنیا کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی ایک بار پھر یاد دلا دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ترکی کا مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل حمایت کیلئے شکر گزار ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مزید مستحکم ہوں گے ۔
چینی سفیر کی ملاقات، دشمن ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتا ہے: شاہ محمود
Sep 24, 2020