اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین جاوید عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر مصدق ملک، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر مظفر حسین شاہ، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے متعلق آرٹیکل 140میں ترمیم کے بل پر بحث ہوئی، سنیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ وزارت قانون کے پاس آج بھی جواب نہیں۔ یہ تیاری کرکے نہیں آتے، ایجنڈے سے متعلق اگر وزارتیں موجود نہیں تو سارا ایجنڈا موخر کر دیں، سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ میں فاروق ایچ نائیک کی تائید کرتا ہوں، وزارتوں کو پابند کریں کہ کمیٹی اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کا عہدہ آئینی نہیں، جس نے بھی صدر مملکت سے یہ کام کرایا غلط کیا۔ کمیٹی نے گارڈیننز ترمیمی بل 2019 پر مزید بحث آئندہ اجلاس تک موخر کر دی۔