اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان اور قطر نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی روابط کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی اور علاقائی امن سمیت اقتصادی تعاون کے شعبوں میں مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسد قیصر سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک قطر کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ قطر نے ہرمشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان قطر کے ساتھ پارلیمانی روابط اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔