لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نوازنے ٹھیک کہاکہ پارلیمانی معاملات پارلیمنٹ میں ہی حل ہونے چاہئیں۔ نوازشریف کو آرمی چیف ملاقات سے آگاہ کیا گیا اس کی معلومات نہیں۔ آرمی چیف سے ملاقات اے پی سی کے موضوع پر نہیں تھی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آرمی چیف کی خواجہ آصف سمیت کسی بھی لیگی رہنما سے ون آن ون ملاقات نہیں ہوئی۔ تاہم ملاقات خفیہ نہیں تھی۔ عسکری دعوت پر تمام پارلیمانی پارٹیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ شہبازشریف کی آرمی چیف سے معمول کی ملاقات تھی اس کا اے پی سی سے کوئی تعلق نہیں، نوازشریف کو آگاہ کیا گیا کہ نہیں مجھے اس کا علم نہیں۔ آرمی چیف نے خود کہا ہے کہ ہم سیاست میں حصہ نہیں لے رہے۔ مریم نواز نے ٹھیک کہاکہ پارلیمانی معاملات پارلیمنٹ میں ہی حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر بھارت نوازی کا الزام لگانے والے وہ لوگ ہیں جو معیشت کو تباہ کر کے انڈیا کا فائدہ کر رہے ہیں۔ جنہوں نے مہنگائی کی انہوں نے بھارت کو فائدہ دیا۔