پاکستان اور نواز شریف کیساتھ کھڑا ہوں ، عمران چاہتے ہیں جیل جائوں : شہباز شریف

Sep 24, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) اپوزیشن لیڈر و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر قوم کو جھانسہ دیا گیا۔ نوازشریف کے دور میں جو چینی پچاس کی کلو تھی آج وہ سو روپے میں مل رہی ہے۔ گندم آج مارکیٹ سے غائب ہو گئی ہے۔ پیٹرول عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے سکینڈلز کو چھپانے میں مصروف ہے۔ فارن فنڈنگ کے کیسز میں منی لانڈرنگ چھپائی جارہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) پر غلط الزامات لگا کر ہوس کی آگ بجانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ علیمہ باجی کی جائیدادوں پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔ ایف بی آر میں وہ پروٹوکول کے ساتھ جاتی ہیں۔ عمران نیازی اور ان کی بہن نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھایا۔ شہبازشریف نے ماڈل ٹائون میں پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نوازشریف کی لیڈر شپ میں اس ٹیم نے دن رات محنت کرکے ملک کی تقدیر کو بدلا ہے۔ مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس، چینی سکینڈل اور گندم سکینڈل کا کیا بنا؟۔ کاروباری لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ چینی سکینڈل کے اصل ذمہ دار عمران نیازی اور عثمان بزدار ہیں۔ ان کو کسی نے نہیں پوچھا۔ اصل میں آنکھوں پر پٹی بندی ہے۔کہا گیا کیس نہیں فیس دیکھتے ہیں پھر کہاں ہے فیس اور کیس کی بات؟۔ بلدیہ فیکٹری والا حادثہ ملکی معیشت کے ساتھ ہونے جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آج تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں دیا۔ اگر مجھے دوبارہ جیل میں جانا پڑے تو جائیں گے۔ میرے لیے یہ راستے نئے نہیں ہیں۔ پہلے بیٹیوں کے ساتھ نہیں گئے اب بیٹیوں کو بھی بلایا جا رہا ہے۔ 56کمپنیوں کا ڈنڈھورا پیٹا گیا لیکن وہ کیس کہاں گیا؟۔ میٹرو بس سمیت کئی منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں لا سکے۔ اب ایف آئی اے اور آئی بی بہت ایکٹو ہے۔ لوگوں کو رات کو جاکر اٹھا لیتے ہیں۔ عمران نیازی کی اگر ہوس ہے کہ میں جیل جاؤں تو میں چلا جاؤنگا لیکن میرے ساتھی اس مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ فلاحی منصوبوں میں ایک ہزار ارب کی بچت کی ہے۔ جاوید نامی شخص کے حوالے سے جھوٹ بولا گیا۔ پھر پاناما کے معاملے میں رشوت کی آفر کا جھوٹ بولا۔ لیکن دو سالوں میں نیازی جواب نہیں دے سکا۔ ملتان میٹرو یادیو کمپنی میں 17ملین کرپشن کا الزام لگایا جس کی چینی حکومت نے تردید کی۔ پانچواں الزام مجھے زلزلہ امداد میں کروڑوں کی کرپشن کا الزام لگایا گیا لیکن برطانیہ کی حکومت نے بھی اس کی تردید کی۔ عمران خان نیازی نے بھونڈے الزامات لگائے۔ عمران خان اور اس کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے ایمنسٹی سکیم میں اشنان کیا۔ پشاور میٹروکی چار بسیں جل چکی ہیں لیکن لاہور میٹرو میں ایک بس کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔ ہم نے سو ارب میں تین میٹرو بسیں بنائیں جن کا فاصلہ 67کلو میٹر بنتا ہے۔ لیکن پشاور بی آر ٹی کا فاصلہ 26کلو میٹر ہے۔ رپورٹس کے مطابق پشاور میٹرو میں اربوں کروڑوں کی کرپشن ہوئی ہے۔ پشاور میٹرو قرضے پر بنی ہے اس میں بھی کرپشن کے پہاڑ لگا دیے گئے۔ اورنج لائن ٹرین دو سال سے تعطل کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی اس کو عدالت میں لے کر گئی ایک سال یہ کیس لٹکا رہا ہے پھر تین سو صفحے کا عدالت نے فیصلہ دیا جس میں ایک دھیلے کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ ہم نے اس منصوبے کو جون 2018تک مکمل کرنا تھا۔ دو سالوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اورنج لائن منصوبے پر اربوں روپے کے اضافی خرچ ہوئے ہیں۔ میں نے قوم کی ایک ایک پائی بچانے کیلئے سات ماہ چینی حکومت سے 81 ارب کی بچت کی۔ سیف سٹی پروجیکٹ شاندار منصوبہ تھا۔ جس میں رانا ثناء اللہ کی گواہی بھی کام آئی۔ بجلی کے منصوبے میں سب سے بڑا کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے۔ بجلی کے چار بڑے منصوبے لگائے گئے۔ دو وفاق نے دو پنجاب حکومت نے لگائے۔ دنیا کی تاریخ میں سب سے کم عرصے میں مکمل کرایا گیا۔ جو پنجاب حکومت نے اپنے پیسوں سے لگائے۔ بجلی کے چار منصوبوں میں نوازشریف کی قیادت میں 162ارب بچائے۔ کول پاور منصوبے کو ساڑھے تین سال میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ منصوبہ سات ماہ پہلے مکمل ہوا۔ اس منصوبے میں 125ارب کی بچت کی۔ سلیکٹڈ وزیراعظم اوپر جاتا ملک نیچے لے آیا ہے۔ چنیوٹ میں منصوبہ مشرف کے سیکرٹری کو آنکھیں بند کر دے دیا گیا۔ ہم نے اس منصوبے کو دن رات محنت کرکے مکمل کیا جس میں چار بلین کی بچت کی۔ میں اور نوازشریف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے گریبان میں جھانکے، اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیریں اور اس میںکوئی دورائے نہیں کہ یہ ڈانگ پھرنی ہے، یہ مکافات عمل ہے، آپ نے اس قوم کے یتیموں، بیوائوں کے زخموں کو چور چور کر دیا ہے لیکن آپ کو کوئی خیال نہیں آتا۔ آپ کو رات کو کس طرح نیند آتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں جگر اور گردوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ پی کے ایل آئی بنایا، بھارت میں جگر کی پیوند کاری پر 30لاکھ جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں50لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔ کیا ہم نے جرم کیا؟۔ اگر مفت ادویات دینا، لاکھوں ہونہار بیٹیوں اور بیٹوں کو جن کے ماں باپ محنت کرنے کے باجود وسائل نہیں رکھتے، انہیں تعلیمی وظائف دینا، ملک میں لاکھوں عام لوگوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات ، کسانوںکو سستی کھاد، ملک کے اندر بیروزگار بچوںاور بچیوں کو روزگار دلوانے کیلئے اربوں کے بلا سود قرضے اور بجلی کے اندھیروں کو ختم کرنا جرم  ہے تو میں یہ جرم سو بار کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں کا احترام ہے  اگر عدلیہ اجازت دے گی تو میںناقابل تردید شواہد کے ساتھ  بے نامی اور ٹی ٹی کے الزامات کو غلط ثابت کروںگا۔ میں نے اپنے ہوش و حواس میں اپنی ضمیر کی آواز کے ساتھ فیصلے کر کے اپنے پرائے ناراض کئے، ان فیصلوں سے میرے اور میرے بھائیوں کے بچوں کے کاروبار کو اربوں روپے کا نقصان ہوا اور اس کے ناقابل تردید ثبوت پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے رات کے کسی پہر میں یہ اعلان کردیا کہ  قرضوں پر قومی کمیشن بنائوں گا۔ شاید انہیں کسی پیر خانے سے کہا گیا ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ایل او سی کے دیو سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلاجواز فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہی نورحسین اور سپاہی وسیم علی کی شہادت ارض پاک کے دفاع کے لئے عظیم قربانی ہے، قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ بھارتی کمین گاہوں کو بھرپور نشانہ بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مزیدخبریں