اسلام آباد (اے پی پی+ نامہ نگار) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ جہاز رانی قابل انحصار رابطہ سازی اور تجارتی سامان کی ترسیل کے اعتبار سے موزوں ترین ذریعہ نقل و حمل فراہم کرتے ہوئے پوری دنیا میں معاشی اور سماجی رابطے کی بحالی کا کام کرتی ہے۔ بین الاقوامی معیشت کا زیادہ انحصار جہاز رانی سے جڑی سر گرمیوں پر ہے جوکے پوری دنیا میں تقریباً 4500 بڑی بندرگاہوں کے ذریعے کی جانے والی عالمی تجارت کا 90 فیصد ہے۔ میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری ٹائم کا عالمی دن محفوظ جہاز رانی، سمندری تحفظ اور سمندری ماحول کی اہمیت پر توجہ مبذول کروانے کے لئے ہر سال منایا جاتا ہے۔ اس سال میری ٹائم کے عالمی دن کا موضوع 'مستحکم کرہ ارض کے لیے مستحکم جہاز رانی 'رکھا گیا ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے گزشتہ برسوں میں شروع کئے گئے۔ کچھ اہم اقدامات میں بندرگاہوں میں ٹھوس فضلہ اکٹھا کرنے کے لئے کشتیوں کی تعمیر، پاک بحریہ کے دائرہ اختیار کے تمام علاقوں میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا قیام اور سمندر میں تیل کی آلودگی سے نمٹنے کے لئے قواعد و ضوابط کی تشکیل شامل ہیں۔ بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی میں ہیلتھ سائنس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ہیلتھ سائنس کمپلیکس ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل، نرسنگ کالج اینڈ میڈیکل ٹریننگ سکول اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز اینڈ کالج آف فزیکل تھراپی پر مشتمل ہو گا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہیلتھ سائنس کمپلیکس کی تعمیر تین مراحل میں تکمیل پذیر ہو گی۔