اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فوج انسداد پولیو اور شجرکاری کی قومی مہمات میں شریک ہو گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاید باجوہ نے سرسبز و شاداب پاکستان کے سلسلہ میں گزشتہ روز پودا لگا کر شجرکاری مہم میں پاک فوج کی شرکت کا آغاز کیا۔ جبکہ پولیو فری پاکستان کے سلسلہ میں ہونے والی ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سرسبز و شاداب پاکستان کی مہم کے تحت 2018ء سے اب تک فوج نے 29 ملین درخت لگائے ہیں۔ جبکہ رواں سال مون سون کے دوران 5 ملین پودے لگائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ایف ڈبلیو او’’ گرین موٹر وے‘‘ کے تحت آئندہ اڑھائی برسوں کے دران موٹر ویز پر دس لاکھ پودے لگائے گی۔ اس منصوبہ کے تحت لاہور اسلام آباد موٹر وے پر چھ لاکھ ، کراچی حیدر آباد موٹر وے پر ایک لاکھ اسی ہزار، لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر ایک لاکھ بیس ہزار جبکہ سوات موٹر وے پر ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
سرسبز و شاداب پاکستان مہم : آرمی چیف نے پودا لگایا
Sep 24, 2020