لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پرڈال دیا ہے۔پرامن، خوشحال اور کرپشن سے پاک نیاپاکستان ہماری منزل ہے۔سیاست کوذاتی مفادات کے لئے استعمال کرنے والی اپوزیشن افراتفری کے ذریعے عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنا چاہتی ہے۔قومی وسائل کی لوٹ مار سے بیرون ممالک محلات کھڑے کرنے والوں کے عزائم سے عوام آگاہ ہیں۔غریب قوم کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے منہ سے عوام کی ہمدردی کی باتیں جچتی نہیں۔ترقی کے نام پر دھوکہ دینے والے سابق حکمرانوں نے ملک اور قوم پر بڑا ظلم کیا،پہلے قومی وسائل کو لوٹااور اب لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں۔قومی دولت کے ان لٹیروں کا احتساب ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے گزشتہ روز اپنے کیمپ آفس میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے 2018کے انتخابات میں جھوٹ، منافقت اور کرپشن کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند کردیا۔اپوزیشن افراتفری اور انتشار کی بجائے تعمیری سیاست کرے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کاہر قدم قوم کے روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔عوام کی محرومیوں کو خوشیوں میں بدلنے کے لئے انقلابی فلاحی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں. انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والوں کو ترقی کرتا اور مضبوط ہوتا ہواپاکستان گوارا نہیں، لیکن عوام ملک کی ترقی چاہتے ہیں، وہ کسی کو بھی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پارٹی کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ، ترقی کے عمل میں انکی آراء اور تجاویز بے حد اہم ہیں۔پارٹی عہدیدار اور کارکن عوام کے مسائل کے حل کیلئے ان سے رابطہ رکھیں۔