لاہور(کامرس رپورٹر ) ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے پاس ڈالروں میں تقریبا 12 کروڑ ڈالر کی کمی ہو گئی۔زرمبادلہ کے ذخائر میں دوبارہ کمی شروع ہو گئی. سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر کے تیسرے ہفتے کے دوران بیرونی قرض کی واپسی کے باعث سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں 11 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کی کمی رکارڈ کی گئی اور ان کا حجم 12 ارب 70 کروڑ 16 لاکھ ڈالر رہ گیا تاہم ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے پاس ڈالروں میں 6 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا اضافہ رکارڈ کیا گیا اور ان کا حجم 7 ارب 20 کروڑ 21 لاکھ ڈالر ہو گیا جس کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم اس دوران 5 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی کمی سے 19 ارب 90 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہ گیا تاہم نئے مالی سال دوران اب تک اڑھائی ارب ڈالر کے نئے قرضوں کے باوجود اس دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں مجموعی طور پر ایک ارب ایک کروڑ ڈالر کا اضافہ رکارڈ کیا گیا ہے۔