تقی عثمانی کا انتخاب مدارس کے بہتر مستقبل کی نوید: شجاعت، پرویزالٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نومنتخب صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انہیں بلامقابلہ وفاق المدارس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے مفتی تقی عثمانی کے انتخاب کو دینی مدارس کے بہتر مستقبل کی نوید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی کی صدارت میں وفاق المدارس کی دینی تعلیم کے خدمات میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مفتی تقی عثمانی کے انتخاب کو صائب اور بروقت فیصلہ قرار دیا۔ اس موقع پر مفتی تقی عثمانی نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی اور ان کے خاندان کی علماء کرام اور دینی مدارس سے محبت کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں روحی سید، شائستہ بخاری، نبیلہ ملک سلیمان شاہ، شاہد اقبال خام اور زین العابدین شامل تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خواتین معاشرے کا لازمی اہم جزو ہیں۔ خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی اہلیت کو منوایا۔ عورتوں کے حقوق کے حوالے سے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں موجود خواتین ارکان اسمبلی مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کو تحفظ اور حقوق فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ کے دور میں خواتین کو حقوق حاصل تھے۔

ای پیپر دی نیشن