لاہور (خصوصی رپورٹر) انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مسلم لیگ (ن) نے ایک طرف تنظیم سازی اور دوسری طرف اپنے حمائتیوں سے براہ راست رابطوں کیلئے حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق ملک بھر کے کنٹونمنٹ کے الیکشن میں بالخصوص صوبہ پنجاب میں کامیابی کے بعد بھرپور انتخابی سرگرمیاں شروع کردیں ہیں اور ان دنوں دو محاذوں پر کام کررہی ہے۔ ایک طرف تنظیم سازی اور دوسری طرف اپنے حمائتیوں سے براہ راست رابطوں کے ذریعہ آئندہ الیکشن کیلئے ایسی فورس کی تیاری جو الیکشن کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کیلئے کام کر سکے۔ پنجاب میں تنظیم سازی مکمل ہونے کے بعد ڈویژن کی سطح پر ورکرز کنونشنز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اب تک پنجاب میں چھ ورکرز کنونشنز کا انعقاد ہوچکا ہے۔ ان کنونشنوں کے ذریعے ورکرز کو متحرک کیا جارہا ہے۔ یونین کونسل، سب ڈویژن، تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی بنیادوں پر یہ فہرستیں تیار کی گئی ہیں۔ لاکھوں کارکنوں سے رابطوں کیلئے ڈیجیٹل سیٹ اپ تیار کیا جا رہا ہے جبکہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر فوکل پرسنز کا تقرر عمل میںلایا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) نے تنظیم سازی‘ حمائتیوں سے براہ راست رابطے شروع کر دیئے
Sep 24, 2021