پا ک، آسٹریلیا پارلیمانی ارکان پر مشتمل فرینڈشپ گروپس کا ورچوئل اجلاس

اسلام آباد(نا مہ نگار) پاکستان، آسٹریلیا کی پارلیمان کے ارکان پر مشتمل پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کا مشترکہ ورچوئل اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مشترکہ اجلاس تھا جس میں مستقبل کیلئے کام کرنے کی حکمت عملی کا طریقہ کار طے کیا گیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سینیٹر رانا مقبول احمد اور رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کی۔ دیگر شرکامیں سینیٹر ڈاکٹر مہر تاج روغانی، سینیٹر دانیش کمار، علی زاہد، ڈاکٹر نثار چیمہ، مس فرخ خان، مس رخسانہ نوید، مس غزالہ سیفی، مس سمیعہ ندیم، مس رومینہ خورشید عالم، مس شمیم عالم، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، مس شاندانہ گلزار، مس نصیبہ چنا، سردار ریاض محمود خان مزاری، راحت امان اللہ بھٹی اور محسن داوڑ شامل تھے۔ اجلاس میں آسٹریلیا کے ارکان پارلیمان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ آسٹریلیا کے رکن پارلیمنٹ رون رامسے جو آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں آسٹریلیا۔پاکستان فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین بھی ہیں، کے علاوہ دیگر ارکان پارلیمان نے بھی شرکت کی۔ آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر جوفری شا بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاک۔آسٹریلیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی چیئرپرسن مریم اورنگزیب نے اجلاس میں شرکاکا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے عوام کے مابین رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔پاکستان فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین رون رامسے نے شرکاکو بتایا کہ آسٹریلیا میں قائم فرینڈ شپ گروپ میں بھی پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کے ہائی کمشنرز اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالہ سے تجاویز کا ڈرافٹ تیار کرنے میں معاونت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن