کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ نالوں سے پانی واپس آنے کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں صورتحال خراب ہوئی، پہاڑیوں سے پانی آتا ہے نیچے چوکنگ پوائنٹس ہیں تاہم کے ایم سی اور ڈی ایم سی کا عملہ برساتی پانی کی نکاسی کے لئے مسلسل کام کرتا رہا جس سے خاص طور پر نشیبی مقامات پر نکاسی آب ممکن ہوسکی اور صورتحال کنٹرول میں رہی، یہ بات انہوں نے جمعرات کو شہر میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ گزشتہ 6 سال میں عملے کی کام کرنے کی عادت ختم ہوگئی تھی تاہم اب انہیں فعال کیا گیا ہے اور پوری کوشش ہے کہ بارشوں کے دوران شہر میں نکاسی آب کی صورتحال معمول کے مطابق رہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ضلع وسطی میں حسین آباد، کریم آباد، موسیٰ کالونی، حیدری، فائیو اسٹار چورنگی، کے ڈی اے چورنگی ، ناگن چورنگی اور دیگر نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کام پر مامور عملے کو جلد از جلد سڑکوں سے پانی نکالنے کی ہدایت کی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسطی طحہٰ سلیم نے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ متعلقہ عملہ مشینری اور گاڑیوں سمیت تمام علاقوں میں کام کررہا ہے خصوصاً نشیبی علاقوں میں بھاری مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعہ پانی نکالا جارہا ہے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ برساتی نالوں کے چوکنگ پوائنٹس پر خصوصی نظر رکھی جائے اور انہیں جلد از جلد کلیئر کیا جائے، جہاں بھی کوئی رکاوٹ آرہی ہے اسے دور کرکے نکاسی آب کو معمول پر لایا جائے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے تمام دستیاب وسائل اس مقصد کے لئے بروئے کار لائے جائیں اور اگر مزید مشینری اور پمپس کی ضرورت ہے تو ان کا بھی انتظام کیا جائے گا، قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور ایم اے جناح روڈ، شاہین کمپلیکس، ٹاور، نیٹی جیٹی اورملحقہ علاقوں میں بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔