ساہیوال+رینا لہ خورد (نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) آئی جی پنجاب پولیس رائو سردار علی نے پولیس افسروں پر زور دیا کہ وہ رزق حلال کماکر خود بھی کھائیں اور اپنے بچوں کو بھی کھلائیں۔ رزق حلال میں دنیا کی عزت اور آخرت کی کامیابی ہے۔ ساہیوال ریجن سے مجھے ایمانداری کی خوشبو آنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ساہیوال کے دوران پولیس لائنز میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس افسر ملک احمد ارسلان‘ ڈی پی او صادق بلوچ اور دیگر پولیس افسر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسر سائلوں کو عزت دیں اور تھانہ کلچر کو تبدیل کرتے ہوئے ان کے کام کریں۔ ہوس کو چھوڑ دیں اور جواء ‘منشیات اور قحبہ خانے بند کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ منظم جرائم پیشہ افراد اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیں اور ان کے ساتھ کسی بھی صورت میں رعایت نہ برتیں۔ انہوں نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ دریں اثناء ساہیوال سے لاہو جاتے ہوئے آئی جی پنجاب راؤ سردار علی اچانک تھانہ صدر رینالہ خورد پہنچ گئے۔ ریکارڈ، تھانے کی صفائی ستھرائی اور حوالات میں بند ملزمان کو چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں حائل پولیس افسران کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ عام اور خاص آدمی کے لیے انصاف کا ترازو ایک ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران عوام کو عزت دیں۔
آئی جی