لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن نیشنل بینک کی فتوحات کا سلسلہ جاری، واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم نے بھی میچز جیت لئے، پنجاب، پورٹ قاسم اور ایئرفورس کو شکست کا سامنا۔کراچی میں جاری ٹورنامنٹ کے تیسرے دن پہلے میچ میں ماڑی پیٹرولیم نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-7 گول سے شکست دیدی۔ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے وقار علی اور عضنفر علی نے دو، دو گول ؎ کئے۔ وسیم اکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں واپڈا نے ایئر فورس کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ واپڈا کی جانب سے علیم بلال، توثیق ارشد اور اعجاز احمد نے گول کئے۔میچ موسلادھار بارش کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی علیم بلال قرار پائے۔ تیسرے میچ میں نیشنل بینک نے پنجاب کی ٹیم کو چار گول سے شکست دیدی۔نیشنل بینک کی جانب سے فارورڈ محمد دلبر نے ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ محمد دلبر نے پہلے، 46ویں اور 52ویں منٹ میں گول بناکر ہیٹ ٹرک سکور کی۔محمد دلبرکو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔
چیف آف نیول ہاکی ٹورنامنٹ ‘نیشنل بنک ‘واپڈا ‘ماڑی پٹرولیم کی ٹیمیں کامیاب
Sep 24, 2021