انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے جنگ رمیز راجہ کے سنگ!!!!

Sep 24, 2021

محمد صدیق

 انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان سے معذرت کر کے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ اس متعلق رمیز راجہ نے زبردست انداز سے دنیائے کرکٹ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ پڑھے لکھے انسان کا یہی فرق ہوتا ہے۔ میں اسی لئے رمیز کے حق میں بولتا رہا ہوں ۔اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو ہر فورم پر شرمندگی اْٹھانی پڑے گی کیونکہ انہوں پاکستان سے نہ کھیلنے اور ٹیم واپس لے جانے کا بونگا فیصلہ کر کے کرکٹ جیسے خوبصورت کھیل کا ستیا ناس کر دیا ہے۔ اب یہ شریفوں کا کھیل نہیں غنڈوں کا کھیل کہلائیگا۔ اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو ہر فورم پر شرمندگی اْٹھانی پڑے گی اور اس غلط اور بے تکے فیصلے کو بھگتیں گے کیونکہ یہ فیصلہ حقائق کے منافی اور انٹرنیشنل کرکٹ کے قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف تھا۔ یہ فیصلہ بھارت کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا اور کرکٹ کی روح کیخلاف ہے۔ ایسا تو محلے کی ٹیمیں بھی نہیں کرتیں۔ مجھے شیخ رشید کے بیان کا مزہ آیا کہ نیوزی لینڈ کے پورے ملک کے پاس اتنی فوج نہیں جتنی فوج پاکستان نے نیوزی لینڈ کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے گراونڈ ہوٹل اور انکے آنے جانے کے راستوں پر کھڑی کی تھی۔ اب ان دونوں ملکوں کے درمیان ہر میچ جنگ کا سماں ہوگا۔ پہلے بھارت کیخلاف پاکستانیوں کے یہی جذبات تھے اب کرکٹ میں پاکستان کے دو اور دشمنوں کا اضافہ ہو گیا ہے۔ اب یہ جنگ رمیز راجہ کے سنگ لڑی جائیگی۔ راجہ انشااللہ دنیائے کرکٹ کو ناکوں چنے چبوائے گا اور پوری دنیا میں جہاں جہاں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ ہونگے پاکستانی جوق در جوق ستیڈیمز میں موجود ہونگے۔ ان دونوں گندی ٹیموں کیخلاف اپنے غصے کا اظہار کرینگے اور پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ انکے شائقین دنیا کی ہر گراونڈ میں موجود ہوتے ہیں۔ اگر نیوزی لینڈ کو واقعی بھارت سے فیک اکاونٹ سے دھمکیاں مل رہی تھیں تو وہ چوروں کی طرح دورہ چھوڑ کر کیوں بھاگے۔ پاکستان سے ساری معلومات شیر کرتے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جاتا۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت افغانستان سے ذلیل ہو کر بھاگا ہے اور بوکھلا یا ہوا ہے مگر نیوزی لینڈ جس طرح دورہ چھوڑ کر بھاگا یہ بات بھی سمجھ سے بالا تر ہے۔

مزیدخبریں