شکارپور (نامہ نگار) تھانہ اسٹورٹ گنج کی حدود ٹھاروپور محلہ میں مبینہ طور پر ملزم اکبر سنجرانی نے قتل کی نیت سے اپنی بھابھی 33 سالہ سیما زوجہ اصغر سنجرانی کو بندوق کی گولیاں مارکر زخمی کردیا. قاتلانہ حملے کے بعد ملزم جائے واردات سے فرار ہوگیا. واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی عورت کو سول اسپتال پہنچایا. جہاں حسبِ معمول سہولیات نہ ہونے کے باعث اسے سکھر اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس نے راستے میں ہی دم توڑدیا. اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد مقتولہ کی لاش کو اس کے شوہر کے حوالے کردیا گیا. آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہواعلاوہ ازیں گڑھی یاسین کے علاقے ڈکھن کے قریب تھانہ غلام شاہ کی حدود میں قومی شاہراہ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے معمر شخص سونو جکھرانی کو قتل کردیا. جبکہ مقتول کا ساتھی علی مراد جکھرانی گولیاں لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگیا. ورثاء نے زخمی کو فوری طور پر لاڑکانہ اسپتال پہنچایا. جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر وہ بھی چل بسا. واقعے کے متعلق ملنے والی معلومات کے مطابق جکھرانی برادری کے دو فریقین کے درمیان سیاہ کاری پر تنازعہ جاری تھا. جس کے نتیجے میں مذکورہ واقعہ پیش آیا جس میں دو لوگوں کی جان چلی گئی. آخری اطلاعات تک واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا. جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثائ میں سے کوئی بھی مقدمہ درج کرانے نہیں آیا. مقدمہ درج ہونے کے بعد ہی قانونی کاروائی کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔