اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستانی زبانوں کی 75سالہ ادبی تاریخ مختلف زبانوں کے سینئر ز اہل قلم سے لکھوائی جارہی ہے۔ یہ کتابیں اسی سال شائع ہو جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یوسف خشک ، چیئرمین اکادمی نے ا کادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام ،پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلہ کی تیرہویں تقریب ’’پاکستانی ادبی صحافت کے 75سال ‘‘ کے موضوع پرمنعقدہ آن لائن سیمینار میں ابتدائیہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ مجلس صدارت میں محمود شام(کراچی)، نذیر لغاری(کراچی) اورزاہدہ حنا (کراچی) شامل تھیں ۔ وسعت اللہ خان (کراچی)، مظہر عباس(کراچی)اور منصور آفاق (لاہور) مہمانان خصوصی تھے۔ فریدہ حفیظ(اسلام آباد)، مظہربرلاس (اسلام آباد)اورر ڈاکٹر صغریٰ صدف(لاہور)مہمانان ِ اعزاز تھیں ۔ شہزاد انو ر فاروقی(اسلام آباد)، عامرخاکوانی (لاہور)، سید افتخار گیلانی(ملتان)، سعدیہ قریشی(لاہور)، روخان یوسفزئی(پشاور)، وزیر نصرت علی (گلگت بلتستان)، ذاکر قادر(کوئٹہ)، ممتاز بخاری (سندھ )اوروقار بابر مغل(گوجر خان) نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔ نظامت ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کی۔ ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا کہ ڈائمنڈجوبلی کے تمام پروگرامز کی ریکارڈنگ ہورہی ہے جیسے ہی یہ پروگرامز مکمل ہوں گے تو یہ گوگل کلاؤڈ پر اَپ لوڈ کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 50سال سے کم عمر کے اہل قلم کی تحریروں کے تراجم کروا ئے جارہے ۔ پاکستان بھر میں بولی جانے والی کم و بیش 72زبانوں کے ادبی میوزیم پر بھی کام جاری ہے ۔
50سال سے کم عمر اہل قلم کی تحریروں کے تراجم کروا ئے جارہے،یوسف خشک
Sep 24, 2021