شاہ محمود قریشی کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

Sep 24, 2021 | 10:53

ویب ڈیسک

نیویارک: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب انتونی بلینکن سے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرِ خارجہ انتونی بلینکن سے اقوامِ متحدہ کے 76وین جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین قریبی تعلقات جنوبی ایشیاء کے خطے کیلئے ہمیشہ فائدہ مند رہے ہیں۔
وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین متوازن دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔ اس دوران افغانستان میں طالبان حکومت کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن وا ستحکام کا خواہاں ہے جس کیلئے سیاسی تصفیہ وقت کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں مستحکم حکومت کے قیام سے ہی خطے میں امن و امان اور خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوسکتا ہے۔گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئی حکومت افغانستان میں ایک سیاسی حقیقت بن کر ابھری ہے۔ طالبان کو بین الاقوامی برادری سے بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے وعدے کو وفا کرنا ہوگا۔عالمی برادری کو افغان عوام کے ممکنہ انسانی المیے سے نمٹنے کیلئے تعاون فراہم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کو تنہا کرنے کی تاریخی غلطی کو دہرانے سے اجتناب کرنا ہوگا۔ اس دوران بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر انسانی سلوک اور ظلم و تشدد کا بھی حوالہ دیا گیا۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مودی حکومت جنوبی ایشیاء کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے۔
دفترِخارجہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انتونی بلینکن نے غیر ملکی افواج اور عوام کے افغانستان سے انخلاء میں بر وقت تعاون کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور خطے میں امن و خوشحالی کیلئے پاکستان کی جانب سے مسلسل اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ 

مزیدخبریں