پینٹاگان کا 2023 کے آخر تک تمام کیمیائی ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کا اعلان

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے 2023 کے آخر تک تمام کیمیائی ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے ۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیمیائی اور حیاتیاتی تحفظ کے پروگرام کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع برانڈی فین نے ایک سمپوزیم کے دوران کہا کہ قانون سازی کے تحت مخصوص ذمہ داریوں کے حوالے سے ہمیں 31 دسمبر 2023 کی ڈیڈ لائن کو مدنظر رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیں اس تاریخ تک کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے کا پابند کیا ہے لیکن ہم ستمبر 2023 تک اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جیسا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن میں بتایاگیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے لیے اس ڈیڈ لائن کو پورا کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کے اسلحہ خانے کو تباہ کرنے میں پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد از جلد ہم کیمیائی ہتھیاروں کو محفوظ طریقے سے تلف کر دیں گے۔پینٹاگان کے عہدیدار نے کہا کہ امریکا اب تک اپنے 97 فیصد کیمیائی ہتھیاروں کو تباہ کرچکا ہے۔ واضح رہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت پر کنونشن 1997 میں قائم کیا گیا جس میں کیمیائی ہتھیاروں کو 10 سالوں کے اندر تباہ کرنے کی  شرط عائد کی گئی تھی ۔

ای پیپر دی نیشن