لاہور(سپورٹس رپورٹر)7 میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 221 رنز بنائے۔ ہیری بروک 35 گیندوں پر 81 اور بین ڈکٹ 42 گیندوں پر 70رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ فل سالٹ 8،ڈیوڈ میلان 14اور ول جیک 40 رنز بناکر پویلین لوٹے۔انگلینڈ کے 221 رنز کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کیخلاف سب سے بڑا سکور ہے۔اس سے قبل گرین شرٹس کیخلاف سب سے بڑا سکور 211 رنز سری لنکا کا تھا۔ عثمان قادر نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاہنواز دھانی سب سے مہنگے بائولر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں وکٹ لیے بغیر 62 رنز دیئے۔دھانی نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کا دوسرا مہنگا ترین سپیل کرایا۔انگلینڈ کے 222 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 8 وکٹوں پر 158 رنز بناسکی۔ شان مسعود 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان بابر اعظم اور رضوان 8،8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔حیدر علی3،افتخار احمد 6 اور خوشدل شاہ 29 ‘ محمد نواز19 ‘ عثمان قادر صفر ‘حارث رئوف 4رنزپر آؤٹ ہوئے۔ مارک ووڈ نے 3 اور عادل رشید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہیری بروک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ کل کھیلا جائیگا۔