اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں نے ملک پر قبضہ کرلیا ہے اور ہر روز ان کے کیسز معاف ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں آئی ایس ایف طالبات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ملک کے لیے جہاد لڑنے کی بات کررہا ہوں۔ حقیقی آزادی کی جنگ آپ کے بہتر مستقبل کے لیے ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جس قوم میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی، وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے۔ چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے۔ ہر روز ان کے کیسز معاف ہو رہے ہیں۔ کنونشن سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جیلوں کو کھول دیں، غریبوں کا کیا قصور ہے۔ غریب ممالک میں ہر جگہ زرداری اور شریف بیٹھے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے اراکینِ سینٹ کا اجلاس ہوا۔ عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو این آر او دوم دیکر ملک و قوم کے ساتھ سنگین اور مجرمانہ مذاق کیا گیا، قوم کے لوٹے گئے 11 سو ارب ہضم کرنے کی شرمناک اجازت دی جا رہی ہے، جس مجرم کو نجات دہندہ کہہ رہے ہیں وہ 20 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گیا، اچھی بھلی مستحکم ہوتی معیشت کو تنبیہ کے باوجود تباہی کے گڑھے میں اتار دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ غیریقینی کی کیفیت معیشت کیلئے زہرِ قاتل ہے، انتخاب کے اعلان سے اس کا تدارک ہوگا، ملک میں کروڑوں پاکستانی سیلاب جیسی آفت میں گھِرے ہیں، کرائم منسٹر وزیروں سمیت قوم کا پیسہ عیاشیوں میں اڑا رہا ہے، مجرموں کو کسی طور قبول کرنے کو تیار ہوں نہ ہی قوم کرے گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ قائدین پوری یکسوئی سے تیاری کریں، کٹھ پتلیوں اور سازش کاروں کو مزید تباہی کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے، جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، اپنی حقیقی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن کال دوں گا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے وزیر اعلی خیبر پی کے محمود خان نے بھی ملاقات کی ، صوبہ میں ترقیاتی وانتظامی معاملات سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی ۔ حقیقی آزادی تحریک میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
جدوجہد فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ، مجرموں کو این آر او 2 دینا مذاق : عمران
Sep 24, 2022