اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، پاکستان میں اس وقت سیلاب کے باعث ہیلتھ ڈیزاسٹر ہے، سردیوں کی آمد ہے، سیلاب متاثرین کو ادویات، کمبل، گرم کپڑوں اور چادروں وغیرہ کی اشد ضرورت ہے، جو لوگ متاثرین سیلاب کی مدد کرنا چاہیں وہ اپنی مرضی سے خود، این ڈی ایم اے اور سول سوسائٹی کے ذریعے بھی مدد کر سکتے ہیں۔ ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو یہاں اقوام متحدہ سیکرٹریٹ لابی میں وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلاب، موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر منعقدہ تصویری نمائش کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں متعدد خواتین امید سے ہیں، اس وقت وہاں بچوں کے دودھ، بے بی فوڈ سمیت دیگر اشیاء کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث پھیلنے والی بیماریوں اور ڈینگی کی وجہ سے پیناڈول اور پیراسیٹامول کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے، ان ادویات کی ڈیمانڈ زیادہ اور پیداوار کم ہے جبکہ پیداواری لاگت بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ ان ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سول سوسائٹی کا ایک کردار ہے، جب حکومتی کاوشوں میں یہ کردار شامل ہوتا ہے تو کسی بھی ڈیزاسٹر کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اس وقت توجہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی پر ہے، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم نے عالمی سطح پر آواز بلند کی۔ دریں اثناء غیر ملکی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام بالخصوص سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں ایمرجنسی کیش امداد اور بجلی سمیت دیگر اشیاء پر سبسڈی شامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت کی طرف سے مائیکرو اور میکرو اکنامک پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں جن کا تمام تر فوکس عوام بالخصوص سیلاب متاثرین ہیں۔ اتحادی حکومت کے ہر فیصلے کا مرکز عوام ہیں۔
گلوبل وارمنگ دنیا کا مشترکہ مسئلہ ، وزیراعظم نے معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا : مریم اورنگزیب
Sep 24, 2022