لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بن حسائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور عالمی بنک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی و انفراسٹرکچر سیکٹرز کی بہتری کے پروگرام پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے تعلیم، صحت، فیملی پلاننگ، آبپاشی، زراعت اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی اور پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے کیش ٹرانسفر کیلئے 35ملین ڈالر دینے کی پیشکش کی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ 35 ملین ڈالر کو پنجاب احساس پروگرام سے لنک کر کے سیلاب زدگان میں تقسیم کریں گے۔ عالمی بنک سے میرے دیرینہ تعلقات رہے ہیں۔ میرے سابقہ دور میں عالمی بینک کے تعاون سے تعلیم اور صحت میں انقلابی اصلاحات کی گئیں۔میرے ایجوکیشن سیکٹرریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔عالمی بینک کے ساتھ تعاون کا سلسلہ ازسرنو شروع کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری حکومت نے آتے ہی ڈگری کی سطح تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کیا۔ شعبہ صحت میں ایڈہاک ڈاکٹرزاوردیگر عملے کی بھرتی کی اجازت دی ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز میں ادویات کو مفت کردیا ہے۔ عالمی بینک کی جانب سے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کا ہر سطح پر خیر مقدم کریں گے۔عالمی بینک کے ساتھ شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم پالیسیاں بنا کر تیزی سے آگے کی جانب بڑھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کثیرالجہتی حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ بچوں میں غذائیت کی کمی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان پر کام کر رہے ہیں۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی لیڈر شپ میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ٹریفک وارڈنز اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کیلئے خصوصی ا لاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز او رپٹرولنگ پولیس کا خصوصی ا لاؤنس پنجاب پولیس کے برابر ہوگا۔ ٹریفک وارڈنز اورپٹرولنگ پولیس کے لئے مسلم لیگ ن کی حکومت میں کچھ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں 142 اسامیوں پربھی بھرتی کی منظوری دے دی ہے جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے گریڈ 1 سے گریڈ 19تک کے ملازمین کے لئے خصوصی الاؤنس کی بھی منظوری دے دی ہے۔اقلیتوں کے لئے مختلف محکموں میں 19ہزار منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک 24ہزار سے زائد نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی گئی۔ پرویز الٰہی نے کہاکہ کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک مرحلہ وار 5ہزارنئی اسامیوں پربتدریج بھرتی کی جائے گی۔ کانسٹیبل کی3ہزار منظور شدہ خالی آسامیوں پربھی بھرتی اورپولیس کے لئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کے لئے فنڈز کے اجرائ کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہباز شریف کے دور میں پولیس کی ویلفیئر کا کوئی کام نہیں ہوا۔آج اگر پولیس کے پاس گاڑیاں خراب ہیں تو سارا قصور مسلم لیگ ن کی حکومت کا ہے۔پٹرولنگ نہ ہونے کے باعث جرائم میں اضافہ ہوا۔نئی آپریشنل گاڑیوں سے پٹرولنگ باقاعدہ ہوگی اور جرائم میں کمی آئے گی۔ اجلاس میں پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ میں بھرتیوں کی اجازت دی گئی۔ پنجاب بھر میں اربوں روپے کے سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ صوبہ بھر میں سینکڑوں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے194پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع اور دیگر شہروں میں بلدیات اور ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں‘ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے 4 منصوبوں اور سپورٹس کے4 پراجیکٹس‘ فیصل آباد میں سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں‘ پنجاب ایجوکیشن سیکٹر پراجیکٹ فیز تھری کے88کروڑ روپے کے لیپس فنڈز بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے لیہ کے لٹریسی موبلائزکے اہل خانہ کے لئے گرانٹ ان ایڈ اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نائب قاصد کے 4سالہ بیٹے کے علاج کے لئے مالی امداد ‘ پنجاب نان فارمل ایجوکیشن پراجیکٹ کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کو ا پ گریڈ کیاجائے گا۔گورنمنٹ کالج میں گرلز ہوسٹل کے لئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔سمبڑیال کی انجینئر نگ یونیورسٹی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے لئے سالانہ 10کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ورلڈ بینک کی معاونت سے جاری سمارٹ پروگرام کی ری سٹرکچرنگ کی اصولی منظوری دی گئی۔پنجاب پاپولیشن اینوویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹوکی تعیناتی اورفیملی ویلفیئر سنٹر کے کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ کو جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔پنجاب سٹیز گورننس امپورمنٹ پراجیکٹ کے زیر تکمیل منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کا فیصلہ کیاگیا۔ڈیٹا بیس اینٹی گریشن پلان برائے مالی سال 2022 تا2025 اورپنجاب پنشن فنڈز اور پنجاب جنرل پراویڈنٹ انوسٹمنٹ فنڈ کے لئے ایکسٹرنل آڈیٹر کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں نیشنل ٹیکس کے چوتھے اجلاس کے فیصلوں کے نفاذ کی توثیق کی گئی۔پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014کے تحت نوٹیفکیشن‘ عدالتی احکامات کے مطابق پرسنل اسسٹنٹ کی 4آسامیوں کو گریڈ 16سے گریڈ 17دینے‘ موٹرٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی ریگولائزیشن‘ ڈیرہ غازی خان میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کے قیام کے لئے اراضی کی لیزرینٹ کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کے حوالے سے قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو دین کے حوالے سے ریکارڈ قانون سازی کا اعزاز حاصل ہے۔ پنجاب بھر میں سود کے نجی کاروبار پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔ پرویز الٰہی سے سینئر سیاستدان سلیم بریار اور ایم پی اے احسن سلیم بریار نے ملاقات کی‘ جس میں عمومی سیاسی صورتحال اور تقریاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیالکوٹ سمیت ہر شہر کے مسائل اور ضروریات پر نظر ہے۔ عوام کی ضرورت کے پیش نظر زیر تکمیل پراجیکٹس کی تکمیل پر توجہ دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عرب کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیتا ہوں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کے 75 سال دوستی، محبت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔ پاک سعودی عرب دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے اور پاکستان سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔
پولیس میں 24 ، اقلیتوں کیلئے 19 ہزار اسامیوں پر بھرتی ، اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری
Sep 24, 2022