کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ)کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے جی او سی خضدار ڈیویژن میجر جنرل شہاب اسلم کے ہمراہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کا دورہ کیا۔ اساتذہ کرام اور طلبہ وطالبات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سال میں صوبے میں تعلیم کے شعبہ میں بہت بہتری آئی۔ اس سلسلے میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کا کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بلاشبہ بلوچستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہیں۔ کور کمانڈر بلوچستان نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ قومی یگانگت اور ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ملک و قوم کی قیادت کے لیے آگے بڑھیں کیوں کہ طلبہ ہی ملک کے تابناک مستقبل کے ضامن ہیں۔ کور کمانڈر بلو چستان نے طلبہ سے حالاتِ حاضرہ اور صوبے کو درپیش مسائل پر گفتگو کی اور فرمایا کہ پیچیدہ مسائل کا حل نیک نیتی پر مبنی مؤثر حکمتِ عملی کے تحت پرخلوص کاوشوں میں پوشیدہ ہے۔ بعد ازاں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے یونیورسٹی میں پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشتون پاکستانیوں کا پاکستان کی تعمیرنو ترقی میں بہت تاریخی کردار ہے۔ بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں اور کاوشیں لاثانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلچرل ڈے منانے کا مقصد اپنی اعلی روایات کو سمجھنے اور زندہ رکھنے کی کاوش ہے۔
پاکستان کی تعمیرنومیںپشتونوں کا کردارتاریخی ہے: کور کمانڈر بلوچستان
Sep 24, 2022